الیکشن کمیشن کا ملک بھر میں ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان

الیکشن کمیشن کا ملک بھر میں ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ملک بھر میں ہونے والے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میںالیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا اہم اجلاس ہوا جس میں ممبران الیکشن کمیشن ، سیکرٹری الیکشن کمیشن سمیت سینئر افسران شریک ہوئے۔ 
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں پولنگ 11 ستمبر، 25 ستمبر اور 2 اکتوبر 2022ءکو شیڈول ہے تاہم حالیہ بارشوں اور سیلاب سے سندھ، خیبرپختونخواہ اور جنوبی پنجاب میں ذرائع آمدورفت متاثر ہوئے ہیں۔ 
سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے سندھ، خیبرپختونخوا اور جنوبی پنجاب میں ذرائع آمدورفت متاثر  ہونے کے علاوہ عمارات تباہ ہو گئی ہیں اور ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہے جبکہ ملک میں قومی ایمرجنسی کی صورتحال ہے، ایسے میں انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔ 
جن حلقوں میں ضمنی انتخابات ملتوی ہوئے ہیں، ان میں این اے 157، پی پی 139 شیخوپورہ، پی پی 241 بہاولنگر، این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ اور این اے 31 پشاور شامل ہیں۔ 
اس کے علاوہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 کرم، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ، این اے 237 ملیر، این اے 239 کورنگی، این اے 246 کراچی اور پی پی 209 خانیوال میں بھی ضمنی انتخابات ملتوی کئے گئے ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں