نیب نے کے پی کےحکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والوں کی فہرست جاری کردی ، عمران خان کا نام بھی شامل

 نیب نے کے پی کےحکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والوں کی فہرست جاری کردی ، عمران خان کا نام بھی شامل

قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان ګن  سابق وزیراعظم  اور  تحریک انصاف  کے چیئرمین  عمران خان کے خیبرپختونخوا (کے پی) کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی  رپورٹ   پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں جمع کرادی ۔  فہرست میں عمران خان سمیت دیگر عہدیداروں اور افراد   کے نام بھی شامل ہیں۔

  تفصیلات کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی  کا اجلاس ہوا، چیئرمین نور عالم خان نے اجلاس کی  صدرات  کی ۔  اجلاس میں  نیب نے حکومت خیبرپختونخوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر مفت استعمال کرنے والوں کی فہرست پیش  کی ، فہرست میں سیاستدانوں کے ساتھ   صحافی بھی شامل ہیں۔

نیب کی طرف سے جاری  فہرست میں بتایا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 137 مرتبہ سرکاری ہیلی کاپٹر پر سفر کیا،   سرکاری ریٹ کے مطابق جس کا خرچہ 5 کروڑ 55 لاکھ 67 ہزار 876 روپے اور کمرشل ریٹ کے مطابق 6 کروڑ 39 لاکھ 2 ہزار 143 روپے ہے۔

فہرست کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین نے 3 مرتبہ سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیا ، رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف نے بھی 3 مرتبہ سرکاری ہیلی کاپٹر پر سفر کیا۔

قومی احتساب بیورو کی جانب سے پی اے سی میں پیش کی گئی فہرست میں حکومت کے پی کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 1800 ہے۔  

نیب نے فہرست کے مطابق سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے 26 مرتبہ کے پی کے حکومت کے ہیلی  کاپٹر پر سفر کیا، پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور نے 5 مرتبہ، صوبائی وزیر اشتیاق ارمڑ نے 52مرتبہ، سابق سینئیر صوبائی وزیر سراج الحق 4 مرتبہ، پی ٹی آئی کے مرحوم رہنما نعیم الحق 22 مرتبہ،  سابق صوبائی وزیر شاہ فرمان، عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان ،  پی ٹی آئی رہنماؤں شفقت محمود، زلفی بخاری اور شہریار آفریدی نے بھی سرکاری ہیلی کاپٹر پر سفر کیا اور کسی نے بھی ادائیگی نہیں کی۔

فہرست میں پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق، سینیٹر فیصل جاوید، سابق آئی جی کے پی ناصر درانی کے نام بھی شامل ہیں۔

سرکاری ہیلی کاپٹر میں مفت سفر کرنے والے صحافیوں میں ارشد شریف، فریحہ ادریس اور ڈاکٹر شاہد مسعود  شامل ہیں۔

 اس حوالے سے نیب کی جانب سے کہا گیا کہ فہرست کے پی حکومت کو بھجوا دی گئی ہے اور نادہندگان سے رقم وصول کرنے کی سفارش کی ہے۔

 پی اے سی نے  خیبر پختونخواہ  کے بعدحکومت سندھ کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والوں کی فہرست مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔