غدار اراکین کے جانے سے مسلم لیگ ن کو کوئی فرق نہیں پڑے گا: رانا ثناءاللہ

غدار اراکین کے جانے سے مسلم لیگ ن کو کوئی فرق نہیں پڑے گا: رانا ثناءاللہ

لاہور: پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا کہ جو قومی اور صوبائی اراکین اسمبلی پارٹی کو چھوڑ کر جا رہے ہیں ان کی حیثیت دھوبی کے کتے جیسی ہے۔

نیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے ن لیگ کو چھوڑنے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جن اراکین اسمبلی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا ہے وفاداریاں تبدیل کرنا ان کی عادت ہے کیونکہ وہ ہمیشہ حکومت میں رہنا چاہتے ہیں۔ ان کی مثال دھوبی کے کتے جیسی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عہدوں اور وزارتوں کی خاطر اس سے پہلے بھی وہ کئی پارٹیاں تبدیل کر چکے ہیں۔ غدار اراکین کے جانے سے مسلم لیگ کو کوئی فرق نہیں پڑے گا بلکہ پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے 6 قومی اور 4 صوبائی اراکین اسمبلی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ خسرو بختیار، سردار دریشک، مخدوم باسط بخاری، سلیم اللہ چودھری، رانا قاسم نون، طاہر اقبال اور متعدد نے ن لیگ چھوڑنے کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔