’جنوبی پنجاب کا نعرہ لگانے والوں نے ساڑھے 4 سال تک ایسی کوئی آواز نہیں اٹھائی‘

’جنوبی پنجاب کا نعرہ لگانے والوں نے ساڑھے 4 سال تک ایسی کوئی آواز نہیں اٹھائی‘

اسلام آباد: وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاداریاں بدلنے والوں کو اپنے مفادات کے سوا کسی سے غرض نہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وفاداریاں بدلنے والوں کو اپنے مفادات کے سوا کسی سےغرض نہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جنھوں نے نواز شریف کو پارٹی صدارت کیلئے ووٹ نہیں دیا۔ عوام ہوا کا رخ دیکھ کر وفاداریاں بدلنے والوں کو عام انتخابات میں مسترد کر دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کو ریکارڈ ترقیاتی منصوبے دیئے۔ جنوبی پنجاب کا نعرہ لگانے والوں نے ساڑھے 4 سال تک ایسی کوئی آواز نہیں اٹھائی، ان لوگوں نے ترقیاتی فنڈز لینے کے باوجود حلقوں میں کام نہیں کیا۔ عوام وفاداریاں بدلنے والے لوٹوں کو اچھی طرح جانتے ہیں، یہ عادی لوٹے کبھی بھی مسلم لیگ (ن) کا حصہ نہیں رہے، ان ارکان کو معلوم تھا کہ اس بار انھیں ن لیگ سے ٹکٹ نہیں ملی گی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو ان عادی لوٹوں کی ضرورت نہیں، چند اور لوٹے بھی سامنے آئیں گے، ہماری سیاست پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ یہ ان ارکان کے آخری سیاسی اعلان تھے، اس وقت ملک میں نواز شریف اور پنجاب میں شہباز شریف کا نام ہے، سیاسی لوٹوں کی الیکشن سے پہلے بولیاں لگتی ہیں۔