وفاقی پولیس نے اتاشی کرنل کے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی

وفاقی پولیس نے اتاشی کرنل کے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی

اسلام آباد: وفاقی پولیس نے وزارت داخلہ سے امریکی ملٹری اتاشی کے کرنل جوزف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں ڈالنے کی سفارش کر دی، جبکہ وفاقی پولیس نے ائیر پورٹ کے قریب سیکورٹی بڑھا کر اتاشی کرنل کو فرار ہونے سے بھی روک دیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباوفاقی پولیس نے وزارت داخلہ کو اس حوالے سے ایک خط لکھا جس میں کہا گیا کہ امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے شخص کا مقدمہ جب تک مکمل نہیں ہوجاتا اس وقت تک کرنل جوزف کو ملک چھوڑنے نہ دیا جائے۔
دوسری جانب کرنل جوزف غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے بیرون ملک فرار ہونا چاہتے تھے۔ وفاقی پولیس نے بروقت ملٹری اتاشی کے ایئر ٹکٹ کا سراغ لگا کر فرار کی کوشش ناکام بنادی۔ حادثے کے بعد امریکی سفارت خانے نے کرنل جوزف کو اپنی نقل و حرکت ایمبیسی تک محدود رکھنے کی ہدایت کی تھی۔
یاد رہے کہ 7 اپریل کی سہہ پہر تین بجے امریکی سفارتی اہلکار کی گاڑی کی ٹکر سے عتیق بیگ نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج ہے۔