مولانا فضل الرحمان میاں صاحب کو سیاسی آکسیجن دے رہے ہیں، فواد چودھری

مولانا فضل الرحمان میاں صاحب کو سیاسی آکسیجن دے رہے ہیں، فواد چودھری
کیپشن: حدیبیہ فراڈ کا ماڈل کرپشن کے لئے دونوں حکمران خاندانوں نے بار بار استعمال کیا، فواد چودھری۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: فواد چودھری کا کہنا ہے نواز شریف نے بیماری پر ہمیشہ کی طرح جھوٹ بولا۔ مولانا میاں صاحب کو سیاسی آکسیجن دے رہے ہیں تاہم عدالت نوٹس لے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ 1947 سے 2008 تک پاکستان کا کل بیرونی قرضہ 37 بلین ڈالر رہا۔ اس رقم سے اسلام آباد بنا، تربیلا ڈیم بنا، منگلا ڈیم بنے، نیول بیسز بنائی گئیں اور فوج کو جدید ہتھیاروں سے لیس کیا، گوادر بنایا اور موٹروے بنی۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ 2008 سے 2018 بیرونی قرضہ 97 ارب ڈالر پر پہنچا اور 60 ارب ڈالر کا قرضوں میں اضافہ ہوا تاہم سوال یہ ہے یہ پیسا کہاں گیا ؟‏ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ پیسہ دو خاندانوں نے آپس میں تقسیم کیا۔ حدیبیہ فراڈ کا ماڈل کرپشن کے لئے دونوں حکمران خاندانوں نے بار بار استعمال کیا۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پیسہ ہنڈی اور حوالہ سے باہر بھیجا گیا اور گھمایا گیا۔ جعلی اکاؤنٹس اور جعلی لوگ استعمال ہوئے۔ نواز، شہباز اور زرداری اس تماشے کے مرکزی کردار ہیں جبکہ سائیڈ رول والے درجنوں ہیں۔