عید کے بعد تمام شہریوں کی ویکسی نیشن کیلئے رجسٹریشن شروع ہو گی، اسد عمر

عید کے بعد تمام شہریوں کی ویکسی نیشن کیلئے رجسٹریشن شروع ہو گی، اسد عمر
کیپشن: عید کے بعد تمام شہریوں کی ویکسی نیشن کیلئے رجسٹریشن شروع ہو گی، اسد عمر
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے اعلان کیا کہ عید کے بعد تمام شہریوں کی ویکسی نیشن کے لیے رجسٹریشن شروع کر دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن کا عمل مرحلہ وار شروع کیا گيا ہے اور 50 سال کے شہریوں کی ویکسی نیشن کا عمل چند دونوں میں شروع ہو جائے گا۔ عید کے بعد تمام شہریوں کی ویکسی نیشن کے لیے رجسٹریشن شروع کردی جائے گی ، غیر ملکیوں کے لیے بھی نادرا کے پورٹل پر ویکسی نیشن کی رجسٹریشن کا آغاز  ہوگیا  ہے،  غیر ملکی شہری پاسپورٹ اور موبائل فون نمبر کے ساتھ رجسٹریشن کراسکیں گے ۔

دوسری جانب سیکرٹری صحت نوشین حامد کا کہنا ہے کہ اپریل اور جون میں ویکسین کی مزید خوراکیں آ جائیں گی جبکہ طارق بشیر چیمہ کی فیملی کو لگی ویکسین کی انکوائری کمیٹی میں ایف آئی اے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے 49816 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5329 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 98 ہلاکتیں ہوئیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10.6 فیصد رہی جبکہ کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 15124 ہو گئی اور مجموعی کیسز 7 لاکھ 5517 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 66994 ہے۔

اس کے علاوہ ایک دن کے دوران ملک بھر میں 2610 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 623399 ہو گئی ہے۔