بینکوں کی اہم کارروائی، جہانگیر ترین اور ان کے خاندان کے 36 اکاؤنٹس منجمد

36 accounts of Jahangir Tareen and his family frozen
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: چینی سٹہ مافیا اور جے ڈی ڈبلیو کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی درخواست پر بینکوں نے جہانگیر ترین اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کے 36 بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سرکاری اور نجی بینکوں نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اور ان کےخاندان کے 36 اکاؤنٹس منجمد کر دیے ہیں۔ ان میں علی ترین کے 21، جہانگیر ترین کے 14 اور ان کی اہلیہ کا ایک اکاؤنٹ شامل ہے۔

یہ تمام اکاؤنٹس ایف آئی اے لاہور کی درخواست پر منجمد کیے گئے ہیں۔ ان میں چار امریکی ڈالرز، دو برطانوی پاؤنڈز اور 30 پاکستانی کرنسی کے اکاؤنٹس شامل ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح کر دیا ہے کہ قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں ہے۔ جس کسی کیخلاف بھی کیسز ہیں، اسے عدالتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ آج ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بڑے بڑے سیاسی مافیاز قانون کی بالادستی کو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ادھر جہانگیر ترین بھی منی لانڈرنگ اور سٹہ بازی کے مبینہ مقدمات پر پھٹ پڑے ہیں۔ گزشتہ دنوں ایک بیان میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ انھیں انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ میں تحریک انصاف کا حصہ رہتے ہوئے اس سے انصاف مانگ رہا ہوں۔ میں گزشتہ ایک سال سے ان زیادتیوں پر چپ ہوں، بتایا جائے میرے ساتھ ایسا سلوک کیوں کیا جا رہا ہے۔

اس الزام کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر شفقت محمود کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ جہانگیر ترین سے وزیراعظم سمیت کسی کی دشمنی نہیں ہے، ان سے کوئی سیاسی انتقام نہیں لے رہا۔ ایف آئی اے نے ان پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں جن کا انھیں عدالت میں جواب دینا چاہیے۔