سعودی عرب میں گزشتہ سال سینماءگھروں کی کتنی ٹکٹیں فروخت ہوئیں؟ حیران کن اعداد و شمار سامنے آ گئے

سعودی عرب میں گزشتہ سال سینماءگھروں کی کتنی ٹکٹیں فروخت ہوئیں؟ حیران کن اعداد و شمار سامنے آ گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ریاض: سعودی عرب میں میں گزشتہ برس عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کی روک تھام کیلئے احتیاطی اقدامات نافذ کرنے اور سینماءگھروں میں بکنگ کیلئے نشستوں کی تعداد کم کرنے کے باوجود فلم بینی کیلئے 66 لاکھ ٹکٹیں فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت ثقافت کی جانب سے جاری رپورٹ میں ’بصری اور صوتی ذرائع ابلاغ کی جنرل اتھارٹی‘ کی فراہم کردہ معلومات کو بنیاد بناتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سال 2019ءمیں فلم بینی کیلئے فروخت ہونے والی ٹکٹوں کی تعداد تقریبا 40 لاکھ تھی جبکہ گزشتہ روز کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں کے باوجود اس تعداد میں خاصہ اضافہ دیکھنے میں آیا اور مجموعی طور پر 66 لاکھ ٹکٹیں فروخت ہوئیں۔ 
واضح رہے کہ 2020ءمیں سعودی عرب کے مختلف شہروں میں نئے سینماءگھروں کے کھلنے کے بعد مملکت میں ان کی مجموعی تعداد 33 تک پہنچ گئی جبکہ سال 2019ءمیں یہ تعداد صرف 19 تھی۔ سال 2020ءکے دوران فروخت ہونے والی ٹکٹوں کے لحاظ سے دارالحکومت ریاض 34 لاکھ ٹکٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا جبکہ جدہ 21 لاکھ ٹکٹوں کے ساتھ دوسرے ، دمام 5.43 لاکھ ٹکٹوں کے ساتھ تیسرے اور ظہران 1.86 لاکھ ٹکٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔ 
اسی طرح ہفوف شہر 1.3 لاکھ ٹکٹوں کی فروخت کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہا جبکہ جازان 1.28 لاکھ ٹکٹوں کی فروخت کیساتھ چھٹی، جبیل 47 ہزار ٹکٹوں کے ساتھ ساتویں، تبوک 45 ہزار ٹکٹوں کے ساتھ آٹھویں جبکہ ابہا 8,373 ٹکٹوں کے ساتھ نوویں اور آخری پوزیشن پر رہا۔