این اے 249 کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر اعظم سواتی کو شوکاز نوٹس جاری

این اے 249 کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر اعظم سواتی کو شوکاز نوٹس جاری
کیپشن: این اے 249 کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر اعظم سواتی کو شوکاز نوٹس جاری
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے کراچی میں این اے 249 کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی، ٹی ایل پی کے محمد قاسم اور نذیر احمد کو نوٹس جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ریلوے اعظم خان سواتی نے گزشتہ روز امجد اقبال افریدی کی الیکشن کیمپین میں حصہ لیا تھا۔ امجد اقبال آفریدی این اے 249 کے امیدوار ہیں۔ نوٹس میں کہا گیا کہ وفاقی وزیر کا الیکشن کیمپین میں حصلہ لینا قوائد ضوابط کی خلاف ورزی ہے، وضاحت نہ دینے پر ضابطگی کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ٹی ایل پی کے رکن سندھ اسمبلی محمد قاسم کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیا۔ محمد قاسم نے این اے 249 سے ٹی ایل پی کے امیدوار نظیر احمد کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ الیکشن کمیشن نے ٹی ایل پی کے امیدوار نظیر احمد کو بھی شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

خیال رہے کہ فیصل واوڈا کے مستغفی ہونے کے بعد  این اے 249 کی نشست خالی ہوئی تھی۔ 3 مارچ کو سینیٹ الیکشن میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد  انہوں نے استعفیٰ دے دیا تھا ۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں فیصل واوڈا نااہلی کیس کی سماعت کے دوران وفاقی وزیر کے وکیل نے عدالت میں واوڈا کی قومی اسمبلی کی رکنیت کا استعفیٰ پیش کیا تھا۔ 

2018ء کے الیکشن میں انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کو شکست سے دو چار کیا تھا۔ فاتح امیدوار نے 35 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ ہارنے والے امیدوار کے حصے میں 34 ہزار سے زائد ووٹ آئے تھے۔ تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار مفتی عابد مبارک نے 23 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے۔