اگر جہانگیر ترین سے زیادتی ہو رہی ہے تو انہیں عدالتوں میں جانا چاہئے، عبدالعلیم خان

اگر جہانگیر ترین سے زیادتی ہو رہی ہے تو انہیں عدالتوں میں جانا چاہئے، عبدالعلیم خان
کیپشن: اگر جہانگیر ترین سے زیادتی ہو رہی ہے تو انہیں عدالتوں میں جانا چاہئے، عبدالعلیم خان
سورس: فوٹو/اسکرین گریب نیو نیوز

لاہور: وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ چینی 85 روپے فی کلو کے حساب سے مارکیٹ میں فروخت ہو گی اور رمضان پیکج میں چینی کا پیکٹ 65 روپے فی کلو کے حساب سے ملے گا جبکہ آٹے اور چینی کی قیمتیں مستحکم رکھنے کیلئے سخت فیصلے کریں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا آٹے کی قیمت کو کنٹرول میں رکھیں گے اور اس پر پورا سال پہرہ دیں گے کیونکہ پورا سال وزیراعظم کی ہدایت پر عمل کیا اور اس میں کامیاب بھی ہوئے جبکہ گندم کی قیمت میں ریکارڈ 400 روپے کا اضافہ کیا ہے کیونکہ زراعت اور کسان پاکستان کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے ہمارا گندم کا ٹارگٹ ساڑھے 3 ملین تھا جو بعد میں 4 ملین ہو گیا اور اب جنوبی پنجاب سے گندم کی کٹائی کے عمل کا آغاز ہو گیا ہے۔

رمضان پیکج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا اس مبارک مہینے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم رکھی جا رہی ہیں اور آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 375 روپے میں عوام کو دستیاب ہو گا اور زیادہ تر جگہوں پر قیمت 85 روپے ہے اگر کہیں سے کوئی شکایت آئی تو کارروائی ہو گی تاہم ماہ رمضان میں چینی کا پیکٹ 65 روپے فی کلو کے حساب سے ملے گا۔

صوبائی وزیر نے بتایا وزیراعظم ہر ہفتے چیزوں کی قیمتوں کا موازنہ پچھلے ہفتے سے کرتے ہیں جبکہ پورا سال آٹا پنجاب میں 860 روپے مل رہا تھا لیکن کراچی میں 1200 روپے رہی اور سندھ حکومت کو اس بات کا خیال نہیں رہا کہ پنجاب میں 860 روپے اور یہاں 1200 رہا، اب اگر سندھ حکومت نے گندم کی قیمت 2 ہزار روپے فی من کا جو نعرہ لگایا ہے اسے خریدے۔ 

انہوں نے جہانگیر ترین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کا بہت ساتھ دیا ہے اور پی ٹی آئی کے منشور میں تھا کہ دو نہیں ایک پاکستان جس میں سب کیلئے ایک جیسا قانون ہونا چاہیے۔ اگر جہانگیر ترین سے زیادتی ہو رہی ہے تو انہیں عدالتوں میں ضرور جانا چاہئے۔ 

اس موقع پر معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب نے ساڑھے 5 ارب روپے کا رمضان پیکج عوام کیلئے دیا ہے اور رمضان بازاروں کا آغاز کر دیا گیا ہے جو 21 رمضان تک جاری رہے گا جبکہ رمضان بازاروں کو آگے چل کر عید بازاروں میں منتقل کر دیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عید کے بعد رمضان بازار سہولت بازاروں میں تبدیل ہو جائیں گے جبکہ حکومت نے چینی کی قیمت جس طرح فکس کی ہے ویسے ہی گھی کی قیمت فکس کی جائے گی۔