ڈسکہ، ضمنی الیکشن میں ق لیگ کی طرف سے 50 کروڑ کے پیکج کا اعلان

ڈسکہ، ضمنی الیکشن میں ق لیگ کی طرف سے 50 کروڑ کے پیکج کا اعلان
سورس: file photo

ڈسکہ،  ضمنی الیکشن کے دوران کارنر میٹنگ میں حکومتی اتحاد میں شامل مسلم لیگ (ق) کے سینیئر نائب صدر سلیم بریار  نے  علاقے کیلئے 50 کروڑ روپے کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈسکہ کےکالج روڈ پرگزشتہ رات پی ٹی آئی کی کارنرمیٹنگ میں ق لیگ کےسینیئر نائب صدرسلیم بریارکی جانب سےڈسکہ کیلئے 50 کروڑ روپے کے پیکج کا اعلان کیاگیا۔پی ٹی آئی کے امیدوار علی اسجد ملہی بھی کارنر میٹنگ میں موجود تھے۔ 

50 کروڑ روپےکے اعلان کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سلیم بریارنےکہاکہ ڈسکہ آنے سے 2 دن پہلےانھوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی تھی۔

ویڈیو بیان میں سلیم بریار نے یہ بھی کہا کہ 50 کروڑ روپے کا پیکج لیکرآیا ہوں، اگر الیکشن جیت گئے تو یہ پیکج ڈبل ہو جائے گا۔

یاد رہے کہ این اے 75 ڈسکہ میں انتخابی دنگل کل سجے گا جس میں مسلم لیگ (ن) کی نوشین افتخار اور پاکستان تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

 ڈسکہ میں 19 فروری کو ضمنی انتخاب ہوا تھا جس میں تشدد کے واقعات اور 20 پریذائیڈنگ افسران کے  غائب ہونے پر الیکشن کمیشن نے نتائج رو ک دیے تھے۔ بعدازاں انتخاب کالعدم قرار دے کر 10 اپریل کودوبارہ انتخاب کرانے کا فیصلہ دیا تھا۔ 

الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی جوائنٹ الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل انکوائری آفیسر ہوںگے اور انکوائری افسر پریذائڈنگ افسران، سیکورٹی عملے کی ڈیوٹی کی خلاف ورزیوں کی جانچ کریگا۔ انکوئری افسر ماہرین اور اداروں سے مدد لے سکے گا اور لاپتہ پریذائڈنگ افسران صبح تک کہاں رہے سائنسی طور پر پتہ چلایا جائے گا اور انکوائری افسر تمام وفاقی و صوبائی اداروں سے مدد لے سکتا۔