’میری دعا ہے کہ محمد حفیظ یہ اعزاز ضرور حاصل کریں‘ شعیب ملک کی آل راؤنڈر کیلئے نیک خواہشات

’میری دعا ہے کہ محمد حفیظ یہ اعزاز ضرور حاصل کریں‘ شعیب ملک کی آل راؤنڈر کیلئے نیک خواہشات
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ دعا گو ہوں محمد حفیظ کل ٹی 20 فارمیٹ میں انٹرنیشنل میچز کی سنچری مکمل کر لیں۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں شعیب ملک نے محمد حفیظ کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا دعاگو ہوں محمد حفیظ کل ٹی 20 فارمیٹ میں انٹرنیشنل میچز کی سنچری مکمل کر لیں اور اس کیساتھ ہی وہ اپنے 100 ویں میچ میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کریں۔ ‘
شعیب ملک نے کہا کہ محمد حفیظ کی کارکردگی میں دن بدن نکھار آرہا ہے، محمد حفیظ کریز پر موجود ہوں تو دوسرے اینڈ سے بیٹنگ کرنا آسان ہوجاتا ہے، گزشتہ برس انگلینڈ کے خلاف محمد حفیظ کی دونوں اننگز میرے لئے یادگار ہیں۔
واضح رہے کہ آل راؤنڈر محمد حفیظ جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں جن کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم میں کئی اہم کھلاڑیوں کی غیر موجودگی کے باوجود بھی اسے آسان حریف نہیں سمجھیں گے ۔ 
ان کا کہنا تھا کہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی وجہ سے جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم میں اہم کھلاڑی موجود نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود پروٹیز ہوم کنڈیشنز میں مشکل حریف ثابت ہو گی، اسے آسان نہیں لیا جا سکتا۔