چینی اسکینڈل میں احتساب کا عمل بلا تفریق آگے بڑھایا جائے گا، وزیراعظم

چینی اسکینڈل میں احتساب کا عمل بلا تفریق آگے بڑھایا جائے گا، وزیراعظم
کیپشن: چینی اسکینڈل میں احتساب کا عمل بلا تفریق آگے بڑھایا جائے گا، وزیراعظم
سورس: فائل فوٹو

لاہور: وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا چینی اسکینڈل میں احتساب کا عمل بلا تفریق آگے بڑھایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ایوان وزیراعلیٰ لاہور میں بنیادی ضروری اشیاء کی قیمتوں سے متعلق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اشیاء کو ذخیرہ کرکے مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی۔ شوگر سٹہ مافیا کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شوگر اسکینڈل میں احتساب کا عمل بلا تفریق آگے بڑھایا جائے گا۔

دوسری جانب حکومت کی جانب سے مہنگائی پر قابو پانے کی تمام کوششیں بے سود ثابت ہو رہی ہیں اور ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح 0.60 فیصد بڑھ گئی۔

ادارہ شماریات کے تازہ جاری کردہ اعد و شمار کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی 18.43 فیصد پر پہنچ گئی ہے اور حالیہ ہفتے 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے میں مرغی 26 روپے 68 پیسے فی کلو، آلو 3 روپے 88 پیسے، ٹماٹر 3 روپے 33 پیسے، بڑا گوشت 2 روپے 51 پیسے اور چھوٹا گوشت 5 روپے 16 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔

کیلا فی درجن 4 روپے 98 پیسے، دال مونگ، گھی، تازہ دودھ اور دہی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے میں 13 اشیا سستی جبکہ 20 کی قیمت میں استحکام رہا۔ حالیہ ہفتے چینی اوسط 3 روپے 10 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔

اس کے علاوہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 32 روپے 29 پیسے، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 6 روپے 70 پیسے سستا ہوا۔ لہسن، انڈے، دال ماش، دال چنا اور پیاز کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی۔