لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آج میں بہت بہتر محسوس کر رہا ہوں لیکن ڈاکٹرز نے ابھی آرام کا مشورہ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے اپنی طبیعت کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ ابتداءمیں پورے جسم میں درد اور ٹھنڈ محسوس ہو رہی تھی مگر آج بہت بہتر محسوس کر رہا ہوں، ابتداءمیں بخار کی علامت بھی تھی جس پر ڈاکٹرز نے طبی معائنہ کیا اور خون کے ٹیسٹ کئے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں نے مزید کچھ روز گھر سے باہر نکلنے اور مصروفیات سے منع کرتے ہوئے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے جس پر عمل کروں گا اور مکمل صحت یابی کے بعد ہی سیاسی و دیگر سرگرمیوں میں حصہ لوں گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل مولانا فضل الرحمان کی طبیعت ناساز ہو گئی تھی جس پر سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ان سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے مزاج پرسی کی تھی۔