حکومت اور اپوزیشن آمنے سامنے ، فواد چودھری اور  سعد رفیق خوش گپیوں میں مصروف

اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن میں سیاسی رسہ کشی عروج پر ہے، وزیراعظم عمران خان  کے اقتدار  پر  اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی تلوار لٹک رہی ہے  لیکن اس دوران   ایوان میں انوکھا نظارہ دیکھا گیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں ہونے والے اہم ترین اجلاس سے ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ جہاں ایک طرف وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کیلئے اپوزیشن زور لگا رہی ہے وہیں حکومت زور لگا رہی ہے کہ کسی طرح قرار داد کو روکا جا سکے۔تاہم اس دوران  وفاقی وزیر اطلاعات و قانون فواد چوہدری اور  حریف جماعت مسلم لیگ ن کے رہنما  سعد رفیق سے خوش گپیوں میں  مصروف  رہے  جس کی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔

آج اجلاس کا آغاز ہو ا تو اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد کی قرار داد پر ووٹنگ کا مطالبہ کیا جس پر اسد قیصر نے عدالتی احکامات کے مطابق اجلاس کی کارروائی من و عن چلانے کی یقین دھانی کرائی۔

شہباز شریف کے بعد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا تو اس دوران اپوزیشن کی جانب سے شور شرابہ شروع ہو گیا او ر شہباز شریف سمیت دیگر اپوزیشن اراکین نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد پر ووٹنگ کرائی جائے تاہم اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس دوپہر ساڑھے 12 بجے تک ملتوی کر دیا۔تاہم اس تمام صورتحال کے دوران فواد چوہدری اور سعد رفیق نے سب کو حیران کر دیا ہے۔

مصنف کے بارے میں