حوثیوں کے ہاتھوں علی صالح کے وفاداروں کا قتل جاری

حوثیوں کے ہاتھوں علی صالح کے وفاداروں کا قتل جاری

صنعا :یمن میں حکومت کے خلاف سرگرم ایران نواز حوثی باغیوں اور سابق مںحرف صدر علی عبداللہ صالح کے وفاداروں کے درمیان جہاں ایک طرف اشتراک عمل پایا جاتا ہے وہیں وہ ایک دوسرے کی گردنیں مارنے میں بھی ملوث بتائے جاتے ہیں۔

عرب ٹی وی کے مطابق مشرقی یمن کی شبوہ گورنری میں حوثیوں کے آخری گڑھ بیحان اور عسیلان محاذوں پر موجود حوثیوں اور علی صالح کے عسکری وفاداروں کے درمیان عہدوں کی تقسیم پر اختلافات اس قدر شدت اختیار کرگئے کہ حوثیوں نے اپنے حلیف علی صالح کے وفاداروں کو قتل کرنا شروع کردیا۔

الحزم بریگیڈ کے سربراہ بریگیڈیئر احمد العقیلی نے بتایا کہ حوثیوں اور علی صالح کی وفادار ری پبلیکن گارڈز کے عہدیداروں کےدرمیان محاذوں پر ذمہ داریوں کی تقسیم کے معاملے میں پیدا ہونے والے اختلافات کی نوبت قتل جا پہنچی۔بریگیڈیئر العقیلی نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران حوثی باغیوں نے علی صالح کے چار اہم ترین وفادار سینیر کمانڈروں کو بیحان محاذ پر موت کے گھاٹ اتاردیا ۔

انہوں نے بتایا کہ حوثی اور علی صالح کے وفادار ایک دوسرے پر اپنا حکم مسلط کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انحراف کی صورت میں مخالف کو قتل کرنے سے بھی نہیں چوکتے۔

خیال رہے کہ الحزم بریگیڈ نے عرب اتحادی فوج کی معاونت سے بیحان کے محاذ پر باغیوں کو بدترین شکست سےدوچار کیا ہے۔ تازہ لڑائی اور اتحادی طیاروں کی بمباری سے حوثیوں اور علی صالح کے دسیوں وفادار ہلاک ہو چکے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔