پی ایس ایل 4 کے 8 میچز پاکستان میں کرانے کا فیصلہ

پی ایس ایل 4 کے 8 میچز پاکستان میں کرانے کا فیصلہ
کیپشن: فوٹو: فائل

لاہور :پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کا پی ایس ایل 4 کے 8 میچز پاکستان میں کروانے کا اعلان کر دیا گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سالانہ کرکٹ ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد کروایا گیا۔ تقریب میں قومی کرکٹرز کے علاوہ چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے بھی شرکت کی۔ اس دوران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اعلان کیا کہ پی ایس ایل کے اگلے سیزن کے کئی میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 4 کے کم سے کم بھی 8 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ پی ایس ایل 4 کے میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کے سیزن 2 کا فائنل لاہور میں کھیلا گیا تھا۔ جبکہ گزشتہ سیزن کے پلے آف میچز اور فائنل لاہور اور کراچی میں کھیلے گئے تھے۔ اب پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ برس پی ایس ایل کے پلے آف اور فائنل میچز کے علاوہ لیگ میچز بھی پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ اس حوالے سے کئی غیر ملکی کرکٹرز بھی پاکستان آنے کیلئے راضی ہیں۔