نندی پور منصوبہ کرپشن کیس، زیرالتواء ریفرنسز کی تفصیلات طلب

نندی پور منصوبہ کرپشن کیس، زیرالتواء ریفرنسز کی تفصیلات طلب
کیپشن: سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے نندی پور منصوبہ کرپشن کیس کی سماعت کی۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں نندی پور منصوبہ کرپشن کیس کی سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے قومی احتساب بیورو (نیب) سے زیرالتواء ریفرنسز کی تفصیلات طلب کر لیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے نندی پور منصوبہ کرپشن کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر پیش ہوئے اور عدالت عظمیٰ کو آگاہ کیا کہ نندی پور منصوبے کے خلاف انکوائری زیر التوا ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ انکوائری کب سے زیر التواء ہے؟ اور نیب میں مجموعی طور پر کتنی تحقیقات زیر التواء ہیں؟

مزید پڑھیں: عابد شیر علی کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

نیب پراسیکوٹر نے بتایا کہ 20 فروری 2017 کو انکوائری شروع ہو چکی تھی۔ وزارت قانون نے 2 سال تاخیر کی لیکن اب انکوائری آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نندی پور منصوبہ آؤٹ سورس کرنے کی انکوائری جون 2018 میں شروع ہوئی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم نے ذمے دار کا تعین کرنا ہے اور تاخیر کا ذمے دار کون ہے؟۔ سابق چیئرمین نیب قمر زمان کا پتہ کریں وہ اسلام آباد میں ہیں؟۔ کیوں نا تاخیر پر سابق چیئرمین نیب کے خلا ف کارروائی کریں؟۔

اس موقع پر جسٹس ثاقب نثار نے نیب کی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ نیب اتنے دن کارروائی میں لگا دیتا ہے۔ کیس الماریوں میں رکھ دیئے جاتے ہیں اور کیا نیب کو کھلی چھٹی ہے؟۔

یہ خبر بھی پڑھیں: احتساب عدالت کا نواز شریف کو پیر کو پیش کرنے کا حکم

چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ اب اگر کسی انویسٹی گیشن افسر (آئی او) نے تفتیش میں کوتاہی کی تواس کے خلاف کارروائی ہو گی۔ سماعت کے بعد چیف جسٹس نے نیب سے زیر التواء ریفرنسز کی تفصیلات طلب کر لیں۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں