نگران وزیراعظم کی قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی سفارش

نگران وزیراعظم کی قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی سفارش
کیپشن: وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے بھیجی گئی سمری ایوان صدر کو موصول ہو گئی ہے۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: نگران وزیراعظم نے قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی سفارش کر دی۔ عام انتخابات 2018 کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ملک میں اب انتقال اقتدار کا مرحلہ شروع ہو گیا جس کے لیے اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری گزشتہ روز وزیراعظم کو بھجوائی گئی تھی اور اجلاس 12 سے 14 اگست کےدرمیان بلانے کا کہا گیا تھا۔

نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے اجلاس کے لیے سمری صدر مملکت کو بھجوا دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے بھیجی گئی سمری ایوان صدر کو موصول ہو گئی ہے اور کچھ دیر بعد اسمبلی کا اجلاس بلانے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ناشائستہ زبان کا استعمال، عمران ، خٹک، ایاز صادق اور فضل الرحمان کی معافی قبول

قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے جس کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا چناؤ عمل میں لایا جائے گا جب کہ قائد ایوان کا انتخاب یوم آزادی کی تعطیل کے بعد ہو گا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے صدر مملکت سے غیر ملکی دورہ ایک دن کے لیے مؤخر کرنے کی درخواست کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر قانون نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری صدر کو بھیجی ہے اور صدر مملکت 16 اگست کو باہر جا رہے ہیں ہم چاہتے ہیں جلد عمران خان حلف اٹھائیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں