گرفتار مریم نواز کو احتساب عدالت میں پیش کر دیا گیا

گرفتار مریم نواز کو احتساب عدالت میں پیش کر دیا گیا
کیپشن: مریم نواز اور ان کے کزن کو احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج نعیم ارشد کے روبرو پیش کیا جائے گا۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

لاہور: چودھری شوگر ملز کیس میں گرفتار مریم نواز اور یوسف عباس کو احتساب عدالت  میں پیش کر دیا گیا۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔احتساب عدالتوں میں ن لیگ کے مرکزی قائدین آج ایک ہی روز ایک ہی عدالت میں پیش ہونگے جن میں مریم نواز، شہباز شریف، حمزہ شہباز اور یوسف عباس شامل ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے رہنما سبطین خان کو بھی اسی احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

چودھری شوگر ملز کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کو احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج نعیم ارشد کے روبرو پیش کیا جائے گا جبکہ جج نعیم ارشد نے شہباز شریف کو رمضان شوگر ملز کیس میں طلب کر رکھا ہے اور حمزہ شہباز شریف کو بھی رمضان شوگر مل کیس میں اسی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اسی طرح چنیوٹ میں اربوں روپے کے معدنی ٹھیکے غیر قانونی طور پر دینے کے الزام میں گرفتار پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وزیر جنگلات سبطین خان کو بھی احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج نعیم ارشد کے روبرو پیش کیا جائے گا۔

دوسری جانب 15 کلو ہیروئن کیس میں گرفتار رانا ثنا اللہ کو جوڈیشل کمپلیکس میں ہی واقع انسداد منشیات عدالت کے جج ارشد مسعود کے روبرو پیش کیا جائے گا۔ جوڈیشل کمپلیکس میں سکیورٹی انتظامات سخت ہونگے اور اردگرد تمام سڑکوں کو بند کر دیا جائے گا۔