وزیراعظم کے مظالم برداشت کر لیں گے لیکن سر نہیں جھکائیں گے، شہباز شریف

وزیراعظم کے مظالم برداشت کر لیں گے لیکن سر نہیں جھکائیں گے، شہباز شریف
کیپشن: پوری قوم جانتی ہے یہ گرفتاریاں پہلی بار نہیں ہوئیں، شہباز شریف۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی گرفتاری ظلم ہے اور وزیراعظم کے مظالم برداشت کر لیں گے لیکن سر نہیں جھکائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم جوش و خروش مگر بھاری دل سے جشن آزادی منائے گی۔ باپ اور بیٹی بیرون ملک سے خود کو قانون کے حوالے کرنے وطن آئے اور ایک بیٹی بیمار ماں کو چھوڑ کر خود کو قانون کے حوالے کرنے وطن آئی۔ پوری قوم جانتی ہے یہ گرفتاریاں پہلی بار نہیں ہوئیں اور یہ گردن کٹ جائے گی حکومت کے سامنے نہیں جھکے گی کیونکہ ہم نے پہلے بھی یہ ظلم و ستم برداشت کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا یہ حکومت کی بھول ہے کہ ان چیرہ دستیوں سے ہمیں دبا لے گی اور ایسے حادثوں کو برداشت کرتے میری عمر گزر گئی اور مریم نواز نیب میں باقاعدہ پیش ہوتی رہیں۔ انہوں نے بتایا حکومت اپوزیشن کو دیوار سے لگانا چاہتی ہے اور اپوزیشن حکومت کو دیوار سے لگا دے گی کیونکہ ملک کو اندھیروں سے نکالنا نواز شریف کا قصور ہے ۔ شاہد خاقان نے گیس کی قیمتیں نہیں بڑھنے دیں اور شاہد خاقان نے میدانوں، پہاڑوں سے پائپ لائن گزار کر گیس پہنچائی۔