چین ، پاکستان کے سلامتی کونسل جانے پر تعاون کریگا:شاہ محمود قریشی

چین ، پاکستان کے سلامتی کونسل جانے پر تعاون کریگا:شاہ محمود قریشی
کیپشن: image by twitter

بیجنگ : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے حوالے سے کہاہے کہ چین نے ہمارے موقف کی تائید کی ہے اور پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جانے کے فیصلے پر تعاون کرے گا اور چین کی وزارت خارجہ نے بھی حالیہ اقدامات پر تشویش کا اظہار کر دیا ، چین کی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے تعاون جاری رکھیں گے.

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ چین کو کشمیر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ہے اور یکطرفہ اقدامات سے صورت حال مزید خراب ہوگی اور ایسے اقدامات نہیں کرنے چاہئیں ، شاہ محمود قریشی نے بیجنگ میں چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کے بعد ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ میری ڈھائی گھنٹے کی نشست ابھی مکمل ہوئی ہے جو مفید اور ان کے بقول بروقت نشست تھی۔