وزیر اعظم کی فوجی جوانوں کے قافلے پر خود کش حملے کی مذمت

وزیر اعظم کی فوجی جوانوں کے قافلے پر خود کش حملے کی مذمت

اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرِستان کے علاقے میر علی میں فوجی جوانوں کے قافلے پر خود کش حملے کی مذمت کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ شمالی وزیرِ ستان میں خودکش حملے کے نتیجے میں 4 جوانوں کی شہادت پر دلی دکھ اور رنج ہوا ، انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ دہشتگری کے ناسور کے خاتمے تک پوری قوم متحد ہو کر اسکا مقابلہ کرتی رہے گی ۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہ ہو پائیں گے ، دہشتگری سے مقابلہ کرتے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان جوانوں کو مجھ سمیت پوری قوم خراجِ تحسین پیش کرتی ہے ، خدا تعالی شہداء کے درجات بلند کریں اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے ۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فوجی قافلے پر خود کش حملے کے نتیجے میں 4 فوجی جوان شہید ہو گئے ہیں ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ترجمان کے مطابق شہدا میں لانس نائیک شاہ زیب ، لانس نائیک سجاد ، سپاہی عمیر اور سپاہی خرم شامل ہیں ۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے ۔ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔

مصنف کے بارے میں