یوم عاشور پر وزیر اعظم اور صدر مملکت کا پیغام

یوم عاشور پر وزیر اعظم اور صدر مملکت کا پیغام

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یوم عاشور حق و باطل کے لازوال معرکے کی یاد دلاتا ہے ۔

یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی قیادت میں جذبہ ایمانی سے سرشار جماعت نے باطل کی اطاعت سے انکار کیا ۔ اہل بیت اور دیگر جانثار ساتھیوں کے ہمراہ حضرت امام حسینؓ نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دین اسلام کو جلا بخشی ۔ آج اسلام انہی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے ۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نواسۂ رسولؐ نے کربلا کے میدان میں حق کی خاطر اپنا سرکٹوا دیا لیکن باطل قوتوں کے سامنے سر جھکنے نہ دیا ۔

یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں عارف علوی نے کہا کہ اسلامی تاریخ میں محرم الحرام نہایت عزت و احترام اور فضیلت والا مہینہ ہے ۔ کیونکہ اس مہینے حضرت امام حسینؓ نے دین کی سر بلندی ، حق و صداقت کی خاطر اہل بیت اور جانثار ساتھیوں کے ہمراہ جام شہادت نوش فرمایا ۔ میدان کربلا میں نواسۂ رسولﷺ نے شجاعت ، بہادری اور قربانی کی عظیم الشان مثال قائم کی ۔

واضح رہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شہر ، شہر ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں ۔ لاہور ، کراچی ، پشاور ، کوئٹہ ، راولپنڈی ، اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں عزاداروں نے نواسہ رسول کو پُرسہ دیا اور ان کی قربانیوں ، صعوبتوں اور فضائل کو بیان کیا ۔

اس موقع پر حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں ۔ موبائل سروس بند جبکہ ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے ۔ جلوس کے داخلی وخارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیے گئے ہیں ۔

مصنف کے بارے میں