آسٹریلوی ڈاکٹر نے انسولین کی زیادہ مقدار سے بیوی کو مار ڈالا

آسٹریلوی ڈاکٹر نے انسولین کی زیادہ مقدار سے بیوی کو مار ڈالا

سڈنی :ایک آسٹریلوی ڈاکٹر کو اپنی اہلیہ کو انسولین کا جان لیوا انجیکشن لگا کر قتل کرنے کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سڈنی شہر سے تعلق رکھنے والے 63 سالہ ڈاکٹر برائن کرکٹ نے اپنی 61 سالہ بیوی کو  تیزی سے اثر کرنے والے ہارمون کے ذریعے قتل کیا۔

نیو ساوتھ ویلز سپریم کورٹ میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر برائن نے قتل سے دو دن قبل انٹرنیٹ پر ’بین الاقوامی انسولین کی زیادہ مقدار‘ کے بارے میں معلومات حاصل کی تھیں۔پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ برائن کرکٹ اپنی اہلیہ کی لائف انشورنس سے ملنے والی رقم کا دعویٰ کرکے اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ رشتہ جاری رکھنا چاہتے تھے۔
عدالت میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر نے اپنی اہلیہ کے جسم کے نچلے حصے میں یہ انجیکشن 31 دسمبر 2009 یا یکم جنوری 2010 کے دوران لگایا۔ڈاکٹر برائن نے 31 دسمبر کو ذیابیطیس کے ایک مریض کے لیے لکھے گئے نسخے کے ذریعے انسولین حاصل کی تھی۔
انسولین کی زیادہ مقدار والا انجیکشن لگانے کے بعد انھوں نے پوری رات اپنی گرل فرینڈ لنڈا لیورمور کے ساتھ گزاری۔گزشتہ روز جج کلفٹن ہوئبن نے اس مقدمے کی سماعت کے بعد ڈاکٹر برائن کرکٹ کو اپنی بیوی کو قتل کرنے کا مجرم قرار دیا۔
جسٹس کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر کی اپنی بیوی کے لیے بڑھتی ہوئی نفرت اور مس لیورمور کے ساتھ ان کے تعلق سے ان کا اپنی اہلیہ کو قتل کرنے کی طرف راغب ہونا ثابت ہوتا ہے۔عدالتی فیصلے کے بعد اب ڈاکٹر برائن کو آئندہ سال سزا دی جائے گی۔