بلبلے میں مکان بنا کر رہنے والا عجیب و غریب سمندری جانور

کیلیفورنیا: مونٹیری کے قریب سمندر میں ایک ایسا عجیب و غریب جانور دیکھا گیا ہے جو اپنے گرد شفاف بلبلے جیسا مکان بناکر رہتا ہے۔

بلبلے میں مکان بنا کر رہنے والا عجیب و غریب سمندری جانور

کیلیفورنیا: مونٹیری کے قریب سمندر میں ایک ایسا عجیب و غریب جانور دیکھا گیا ہے جو اپنے گرد شفاف بلبلے جیسا مکان بناکر رہتا ہے۔

یہ دریافت ’’مونٹیری بے ایکویریئم ریسرچ انسٹی ٹیوٹ‘‘ کیلیفورنیا کے ماہرین نے کی ہے اسے 1900 کے بعد صرف دوسری بار دیکھا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس جانور کا تعلق ’’لارویشیئن‘‘ کہلانے والے سمندری جانوروں سے ہے اور اسے ’’جائنٹ لارویشیئن‘‘ کہا جاتا ہے۔

اگرچہ مینڈک کے ٹیڈپول جیسی شکل والا یہ جانور صرف 3.5 انچ جسامت کا ہوتا ہے لیکن پروٹین اور سیلولوز پکڑنے کےلئے جو ’’گھر‘‘ یہ اپنے گرد بناتا ہے وہ کئی فٹ تک چوڑا ہوتا ہے۔ یہ گھر اس کے ساتھ ساتھ حرکت میں رہتا ہے اور اس کی باریک اور شفاف جھلی میں سے یہ اپنے غذائی اجزاء فلٹر کرکے کھاتا رہتا ہے۔

جب یہ گھر مزید فلٹریشن کے قابل نہیں رہتا (یعنی ناکارہ ہوجاتا ہے) تو جائنٹ لارویشیئن اسے چھوڑ کر ایک نیا گھر بناتا ہے اور بعض مرتبہ صرف چند گھنٹوں ہی میں نیا گھر تیار کرلیتا ہے۔

آبی حیات کے ماہرین نے جائنٹ لارویشیئن کی سائنسی وضاحت پہلی بار 1900 میں شائع کروائی تھی جو 1890 کے عشرے میں اس کے مشاہدات پر مشتمل تھی۔ اس کے بعد یہ دوبارہ کبھی دکھائی نہیں دیا اور سمجھ لیا گیا کہ شاید یہ ناپید ہوچکا ہے۔ لیکن 116 سال بعد اس کی ازسرِنو دریافت نے ماہرین کو حیرت زدہ کردیا ہے۔ اس دریافت سے ایک بار پھر یہ ثابت ہوا ہے کہ آبی جانداروں پر ہمارے مطالعات ابھی بہت محدود ہیں جنہیں وسعت دینے کی ضرورت ہے۔