مقبوضہ کشمیر میں جاری طویل جھڑپ ختم ، 2 کشمیری شہید

مقبوضہ کشمیر میں جاری طویل جھڑپ ختم ، 2 کشمیری شہید

سری نگر:مقبوضہ کشمیر کے قصبہ بیج بہاڑہ میں جاری مسلح تصادم ختم ہو گیا اور حکام کے مطابق انھیں ایک مکان کے ملبے تلے سے دو لاشیں ملی ہیں۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ ایک مکان میں دو یا تین مسلح شدت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد آرونی قصبہ کی حسن پورہ بستی کا محاصرہ کیا گیا جس کے بعد یہ تصادم شروع ہوا۔

لیکن تصادم کے اختتام پر سی آر پی ایف کے ڈپٹی انسپکڑ جنرل محسن شہیدی نے بتایا: "کافی ملبہ ہے وہاں۔ ابھی ایک دھماکہ بھی ہوا۔ ابھی ہم یہ نہیں کہہ سکتے ہیں وہاں کتنی لاشیں ہیں۔‘ پولیس ذرائع نے بتایا کہ جائے واردات سے دو لاشیں ملی ہیں جن کی شناخت نہیں ہوئی ہے۔

مقامی لوگوں کے مطابق جس مکان کا محاصرہ کیا گیا تھا، اس پر فورسز نے لگاتار دھماکہ خیز مواد فائر کیا جس کے باعث مکان میں آگ لگ گئی اور وہ زمین بوس ہوگیا۔

بدھ کے روز جب یہ تصادم جاری تھا تو لوگوں نے فوج اور پولیس کے خلاف مظاہرے کئے جس کے بعد سرکاری فورسز نے مظاہرین پر فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں ایک کشمیری شہید اور کئی دیگر زخمی ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ آر ونی میں لشکر طیبہ کے چیف ابو دُجانہ ساتھیوں سمیت موجود ہیں ، جس کے بعد پولیس نے فوج اور نیم فوجی اداروں کی مدد سے حسن پورہ بستی کا محاصرہ کیا۔ تاہم لوگوں کا کہنا ہے کہ ابو دُجانہ محاصرہ توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔