باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کے بعد بیٹنگ پھر ناکام

پاکستان نے باؤلرز کی عمدہ کارکردگی بدولت کرکٹ آسٹریلیا الیون کو پہلی اننگز میں 114 رنز پر ٹھکانے لگا کر پہلی اننگز میں 94 رنز کی برتری حاصل کر لی۔کیرنز میں تین روزہ میچ کے دوسرے روز پاکستانی بالر چھائے رہے

باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کے بعد بیٹنگ پھر ناکام

کیرنز: پاکستان نے بالرز کی عمدہ کارکردگی بدولت کرکٹ آسٹریلیا الیون کو پہلی اننگز میں 114 رنز پر ٹھکانے لگا کر پہلی اننگز میں 94 رنز کی برتری حاصل کر لی۔کیرنز میں تین روزہ میچ کے دوسرے روز پاکستانی بالر چھائے رہے۔کینز میں کھیلے جا رہے سہ روزہ وارم اپ میچ میں میزبان ٹیم نے تین رنز چار کھلاڑی سے اننگز شروع کی تو میتھیوز شارٹ اور جیک ونٹر نے ابتدائی وقت میں سنبھل کر بیٹنگ کی اور ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی۔تاہم اس تیزی سے خطرناک بنتی شراکت کا خاتمہ راحت علی نے 39 رنز بنانے والے ونٹر کی وکٹیں بکھیر کر کیا اور ایک گیند بعد ہی نئے بلے باز ارجن نائر کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔60 رنز پر چھ وکٹیں گرنے کے بعد شارٹ کا ساتھ نبھانے جوش انگلس پہنچے اور اسکور کو 84 تک پہنچا دیا لیکن اسی مرحلے پر پارٹ ٹائم بالر اظہر علی نے ان کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا، انہوں نے 27 رنز بنائے۔وہاب ریاض کی جانب سے اختتامی تینوں وکٹوں کا صفایا کرنے سے قبل کیمرون ویلنٹے نے 21 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔ کرکٹ آسٹریلیا کی پوری ٹیم 114 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور یوں پاکستانی ٹیم نے 94 رنز کی برتری حاصل کی۔پاکستان کی جانب فاسٹ بالرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور محمد عامر، راحت اور وہاب نے تین تین وکٹیں اپنے نام کیں۔

تاہم پاکستانی بلے بازوں کی روش دوسری اننگز میں بھی تبدیل نہ ہو سکی اور انہوں نے ناقص بیٹنگ سے بالرز کی محنت پر پانی پھیر دیا۔سمیع اسلم دوسری اننگز میں 12 رنز بنا کر میدان بدر ہوئے جبکہ بابر اعظم نے ایک ایسے موقع پر وکٹ گنوائی جب وہ 22 رنز بنا کر وکٹ پر سیٹ نظر آ رہے تھے۔تجربہ کار یونس خان جلد بازی میں رن آٹ ہوئے جبکہ مصباح الحق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے تو پاکستانی ٹیم 68 رنز پر چار کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی۔اس موقع پر اظہر علی اور اسد شفیق نے ذمے دارانہ بیٹنگ کی اور 45 رنز ی شراکت قائم کر کے اسکور کو 113 تک پہنچا دیا۔اسد شفیق نے میچ پریکٹس کا بھرپور موقع ایک بار پھر گنوا دیا اور وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد وکٹ دے بیٹھے۔جب دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے پانچ وکٹ کے نقصان پر 124 رنز بنائے تھے، اظہر علی 44 اور سرفراز احمد چار رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔پاکستان کرکٹ آسٹریلیا الیون پر 218 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہے۔یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 15 دسمبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔