چیمپیئنز ٹرافی میں پاک بھارت میچ ضرور ہو گا، نجم سیٹھی

پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ یقین ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار نہیں کرے گا اور نہ ہی وہ چیمپیئنز ٹرافی کا بائیکاٹ کرے گا

چیمپیئنز ٹرافی میں پاک بھارت میچ ضرور ہو گا، نجم سیٹھی

لندن: پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ یقین ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار نہیں کرے گا اور نہ ہی وہ چیمپیئنز ٹرافی کا بائیکاٹ کرے گا۔آئی سی سی اجلاس میں واضح کر دیا ہے کہ اگر بھارت پاکستان کے ساتھ آئی سی سی کے مقابلوں میں کھیلنے کے لیے تیار نہیں تو اس کے پوائنٹس تقسیم نہیں ہونگے بلکہ یہ پاکستان کو دیے جائیں گے۔

آئی سی سی کے اجلاس میں بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھاکر کے حالیہ بیانات پر بھی کھل کر اظہارخیال کیا ۔کھیل اور سیاست کو الگ رکھنا چاہیے۔ پاکستان ہر جگہ بھارت سے کھیلنے کے لیے تیار ہے۔ان خیالات کا اظہار نجم سیٹھی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں ہونے والے آئی سی سی کے اجلاس میں یہ بات واضح کر دی تھی کہ اگر بھارت پاکستان کے ساتھ آئی سی سی کے مقابلوں میں کھیلنے کے لیے تیار نہیں تو اس کے پوائنٹس تقسیم نہیں ہونگے بلکہ یہ پاکستان کو دیے جائیں گے۔یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ آئی سی سی نے خواتین مقابلوں میں بھارت کے پاکستان سے کھیلنے پر انکار کے بعد ان کے چھ پوائنٹس پاکستان کو دے دیے حالانکہ آئی سی سی نے اس بارے میں اپنے اجلاس میں تذبذب کا اظہار کیا تھا لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کا موقف اس بارے میں بالکل واضح تھا۔نجم سیٹھی نے کہا کہ انہوں نے آئی سی سی کے اجلاس میں بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھاکر کے حالیہ بیانات پر بھی کھل کر اظہارخیال کیا تھا جو وہ پاکستان سے نہ کھیلنے اور ممکنہ بائیکاٹ کے بارے میں دیتے آئے ہیں۔

نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بھارت میں سیاست اور بیان بازی بہت ہوتی ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھاکر کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے اس لیے انہیں اس قسم کے بیانات کی ضرورت پڑتی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ایسا بالکل نہیں ہے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا بائیکاٹ نہ کرنے کی چند اہم وجوہات ہیں اور یہ بات وہ آئی سی سی کو بھی باور کرا چکے ہیں کہ آئی سی سی کے ایک ٹورنامنٹ کی 20 فیصد آمدنی صرف پاکستان بھارت کے ایک میچ سے حاصل ہو جاتی ہے اور اگر یہ میچ نہیں ہوتا تو اس کا نقصان آئی سی سی کو ہوگا اور اسی آمدنی سے دوسرے پارٹنرز کو بھی پیسے ملتے ہیں۔لہذا اگر بھارت پاکستان سے میچ نہیں کھیلتا یا بائیکاٹ کرتا ہے تو پاکستان کرکٹ بورڈ بھی اپنے حصے کی آمدنی سے محروم ہو جائے گا اس صورت میں پاکستان کرکٹ بورڈ یقینا اس بات پر غور کرے گا کہ اسے اس کا حصہ ملنا چاہیے۔نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ کھیل اور سیاست کو الگ رکھنا چاہیے۔ پاکستان ہر جگہ بھارت سے کھیلنے کے لیے تیار ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی ہوم سیریزکو اپنی ہوم سیریز ہی سمجھے گا۔نجم سیٹھی کو توقع ہے کہ آئندہ سال تک دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری آ جائے اور بھارت سے یہ بات بھی ہو سکتی ہے کہ اگر دو طرفہ سیریز نہیں ہوتی تو پھر کیا کسی نیوٹرل مقام پر سہ فریقی سیریز کو ممکن بنایا جا سکتا ہے جس میں کسی تیسری ٹیم کو بھی شامل کر لیا جائے۔