یمن میں ٹی وی اسٹیشن پر عرب اتحاد کی بمباری سے 4 افراد ہلاک

یمن میں ٹی وی اسٹیشن پر عرب اتحاد کی بمباری سے 4 افراد ہلاک

صنعا: یمن کے دارالحکومت صنعا میں ایک ٹی وی اسٹیشن پر عرب فوجی اتحاد کے فضائی حملے میں 4 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق حوثی باغیوں کے زیرانتظام میڈیا گروپ مسیرہ نیوز کا کہنا ہے کہ عرب اتحاد کے جیٹ طیاروں نے ایک سیٹلائٹ ٹی وی اسٹیشن کی عمارت پر بمباری کی جس میں 4 سیکورٹی گارڈ ہلاک ہوگئے ہیں۔ فضائی حملے میں ٹی وی اسٹیشن سیکیورٹی چیف بھی زخمی ہوئے جو ساتھیوں کے ساتھ عمارت سے منسلک اپنے دفتر میں موجود تھے۔

سیکورٹی چیف نے بتایا کہ جس عمارت کو نشانہ بنایا گیا یہ نا تو فوجی اڈا تھا اور نہ اس میں ہتھیار موجود تھے۔دوسری جانب عرب اتحاد نے تازہ کارروائی کے حوالے سے کوئی بیان یا تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔

حوثی باغیوں کی جانب سے سابق صدر علی عبداللہ صالح کو قتل کرنے کے بعد یمن میں کشیدگی عروج پر ہے جب کہ باغیوں نے دارالحکومت صنعا کا مکمل کنٹرول حاصل کر رکھا ہے۔

مصنف کے بارے میں