لاہور:پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز نے حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے محمد حفیظ کو کپتان مقرر کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آل راﺅنڈر محمد حفیظ کو نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میکولم کی جگہ قلندرز کی کپتانی سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔لاہور قلندرز کے مالک رانا فواد نے حفیظ کو فرنچائز کی شرٹ پیش کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ مجھ پراعتمادکیاگیا ، ذمہ داری قبول کرتاہوں، میں توقعات پر پورا اتروں گا، ٹیم لاہور قلندرز کا کمبی نیشن اچھا بنا ہوا ہے جبکہ شائقین کی توقعات پرپورااتریں گے اوراچھے نتائج دیں گے۔چیئرمین لاہور قلندرز رانا فواد نے کہا کہ کھلاڑی حفیظ کی بات سنیں گے، سیزن 4 میں مایوس نہیں کریں گے،محمد حفیظ کرکٹ کی بہت سمجھ بوجھ رکھتے ہیں ،خوشی کی بات ہے آج حفیظ کےساتھ پریس کانفرنس کررہاہوں ۔
خیال رہے کہ ابوظہبی ٹیسٹ میچ میں دونوں اننگز میں مایوس کن کاکردگی دکھانے والے محمد حفیظ نے پہلی اننگز میں ہی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھاکہ وہ محدود اوورز کی کرکٹ کھیلیں گے۔
واضح رہے کہ اپنے کیریئر کے دوران 55 ٹیسٹ میں 3644 رنز سکور کرنے والے محمد حفیظ نے 10 سنچریز اور 12 ففٹیز اسکور کی ہیں۔پاکستان کے سابق کپتان محمد حفیظ کو اپنے ٹیسٹ کیرئیر کے دوران باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے کئی بار ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ سے باہر ہونا پڑا ان کی باؤلنگ ڈلیوری " دوسرا" کی وجہ سے کرکٹ فیلڈ سے باہر ہونا پڑا۔