کٹاس راج مندر کی یاترا کےلئے 139 بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری

کٹاس راج مندر کی یاترا کےلئے 139 بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن نے ضلع چکوال میں واقع کٹاس راج مندر کی یاترا کے لئے 139 بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری کردیئے ہیں۔ یہ یاتری 9 سے 15 دسمبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔

دونوں ممالک کے درمیان ایک دوسرے کے مذہبی مقامات کے لئے وضع کردہ پروٹوکول (1974) کے تحت بھارت اور پاکستان کے یاتری اور زائرین دونوں ممالک میں واقع مزاروں اور مندر دورے کرتے ہیں۔ اس پروٹوکول کے تحت ہر سال بڑی تعداد میں بھارتی سکھ اور ہندو پاکستان میں مختلف مذہبی تقاریب میں شریک ہوتے ہیں۔ اسی طرح پاکستان سے لوگ بھارت میں واقع صوفی بزرگوں کے مزارات کے دورے کرتے ہیں۔

گزشتہ ماہ پاکستان نے بابا گرو نانک کی 549 جنم کے دن کے موقع پر 3 ہزار 800 سکھ یاتریوں کو پاکستان کے ویزے جاری کئے۔ اس دورے کے دوران کرتار پور کوریڈور کے سنگ بنیاد کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے 28 نومبر کو پاک بھارت بین الاقوامی سرحد پر بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کی موجودگی میں اس راہداری کا سنگ بنیاد رکھا۔

اسی طرح سکھر میں واقع شادانی دربار کے مشہور مندر کی یاترا کے لئے 220 بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری کئے گئے۔ یہ یاتری ان دنوں پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ کٹاس راج پاکستان ہندو برادری کے لئے سب سے مقدس ترین جگہ ہے۔

کٹاس راج میں ایک تالاب بھی ہے جو ہندو یاتریوں کے لئے انتہائی مقدس ہے، بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر سہیل محمود نے اس موقع پر کہا کہ بھارتی یاتریوں کے ایک اور گروپ کو ویزوں کے اجراءسے دونوں ممالک کے درمیان طے پائے جانے والے 1974ءکے پروٹوکول کے حوالے سے پاکستان کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی یاتریوں کو تمام سہولیات دینے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کے فروغ میں پرعزم ہے۔