نوجوت سنگھ سدھو کے سر کی قیمت مقرر کی گئی ہے تو یہ افسوسناک بات ہے، وزیر خارجہ

نوجوت سنگھ سدھو کے سر کی قیمت مقرر کی گئی ہے تو یہ افسوسناک بات ہے، وزیر خارجہ
کیپشن: فوٹو بشکریہ: فرحان سومرو

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو کے سر کی قیمت مقرر کی گئی ہے تو یہ افسوسناک بات ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سدھو کے سر کی قیمت مقرر کی گئی ہے تو یہ افسوسناک بات ہے، سدھو نے دونوں ممالک کی دوریاں ختم کرنے کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ ہر جگہ ایک طبقہ ہوتا ہے جس کی سوچ منفی ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کابینہ کا خصوصی اجلاس بلا کر راہداری منصوبے کی منظوری دی گئی۔ بھارت نے منظوری کے بعد اپنے 2 وزرا کو پاکستان بھیجا۔ راہداری منصوبے کے اقدام کو ہر جگہ سراہا گیا۔ ملکی معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی جب حکومت آئی تو اس وقت خزانہ خالی تھا۔ جیسے ہی مالیاتی مشکلات سے نکلیں گے روپیہ مستحکم ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سارا بگاڑ 3 ماہ کے دوران نہیں ہوا، ڈالر پر بہت پریشر تھا، ملک کی ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے اور اسد عمر  مشکل صورتحال میں بہتر کردار ادا کر رہے ہیں۔ مالی خسارہ بڑھنے سے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔

شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کو تبدیل نہیں کیا جا رہا۔