پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج کوٹہ 2019ءکا معاہدہ طے

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج کوٹہ 2019ءکا معاہدہ طے
کیپشن: فوٹوبشکریہ: پی کے ٹیوب ٹوئیٹر اکائونٹ

اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2019ءکا معاہدہ طے پا گیا، پاکستان سے آئندہ سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

 ترجمان مذہبی امور کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق حج معاہدہ 2019ءپر پاکستان اور سعودی عرب کے وزراءنے دستخط کر دیے  معاہدے کے  تحت پاکستان کے حج کوٹہ میں 5 ہزار افراد کا اضافہ کر دیا گیا ۔ اس دوران روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں پاکستانی حجاج کو مرحلہ وار شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

ابتدائی طور پر اس پراجیکٹ سے صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے 35 ہزار حجاج مستفید ہوں گے۔ منصوبے کے تحت حاجیوں کی تصدیق و امیگریشن کا عمل کراچی ایئرپورٹ پر ہو گا۔ ترجمان کے مطابق معاہدے کی رو سے پاکستانی حجاج کو ای ویزہ دیا جائے گا۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کر رہے ہیں۔

اس موقع پر سعودی حکام نے بتایا کہ 2 ہزار ریال فیس خاتمے کا فیصلہ خادم الحرمین الشریفین سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا ۔ نئی مردم شماری کے مطابق حج کوٹہ میں اضافے پر غور کیا جائے گا۔ زیادہ تر پاکستانی حجاج کو اولڈ منیٰ میں ٹھہرانے کی کوشش کی جائے گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ تجاویز پر عمل درآمد کرنے پر سعودی عرب حکومت کے شکرگزار ہیں۔