فن لینڈ : 34 سالہ سنا مرین دنیا کی کم عمر ترین وزیرِاعظم منتخب

 فن لینڈ : 34 سالہ سنا مرین دنیا کی کم عمر ترین وزیرِاعظم منتخب
کیپشن: Image Source: File Photo

ہیلسنکی: فن لینڈ میں 34 سالہ سنا مرین دنیا کی کم عمر ترین وزیرِاعظم منتخب ہو گئیں، گزشتہ ہفتے سابق وزیراعظم اینٹی رینے نے سرکاری ملازمین کی ہڑتال کا معاملہ شدت اختیار کرنے پر استعفی دے دیا تھا، توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اس ہفتے حلف اٹھائیں گی۔


تفصیلات کے مطابق ، سنا مرین  کی جماعت فن لینڈ کے پانچ جماعتی اتحاد کا حصہ ہے، مرین فن لینڈ کی تیسری خاتون وزیرِاعظم ہوں گی۔ بطور وزیرِ اعظم ان کا اس وقت انتخاب کیا گیا جب ان کی ہی جماعت کے وزیرِ اعظم آنتی رائنے نے عہدہ چھوڑا۔

سنا مرین نے انتخاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اعتماد سازی کیلئے بہت سا کام سرانجام دینا ہے، اتحادی حکومت چلانے کیلئے تمام شریک جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

رپورٹ کے مطابق سنا مرین دنیا کی کم عمر ترین وزیراعظم ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کی جیسنڈا آرڈرن 39، یوکرئنی وزیراعظم اولیکسی ہونچارک 35 اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان 35 سال کے ہیں۔

جبکہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق اس وقت دنیا کے معمر ترین وزیراعظم مہاتیر محمد ہیں جن کی عمر 94 سال ہے۔