جوبائیڈن کا ناجائز دولت کو ہدف بنانے کا عزم، وزیراعظم عمران خان کا خیر مقدم

 Imran Khan welcome Biden's declared intent of a policy targeting dirty money
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے نومنتخب امریکی صدر جوزف بائیڈن کی جانب سے ناجائز دولت کو ہدف بنانے کے عزم کا بھرپور خیر مقدم کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ میں منتخب امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے ناجائز دولت کو ہدف بنانے کے حوالے سے ان کے عزائم کا خیر مقدم کرتا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ترقی پذیر ممالک کو مفلسی کے گھاٹ اتارا جا رہا ہے کیونکہ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ یہاں کی بدعنوان اشرافیہ اپنی دولت کو ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کے ذریعے امیر ملکوں میں منتقل کرتی  ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے پیغامات کے ذریعے اور مختلف عالمی فورمز پر یہ بات بارہا دہرا چکے ہیں کہ ترقی یافتہ ممالک کو ایسے قوانین کا سوچنا چاہیے جس کے تحت غریب ممالک کی دولت کو منی لانڈرنگ کے ذریعے منتقل کرنے کا سدباب ہو سکے۔

گزشتہ روز اپنے ایک اہم بیان میں انہوں نے یہ بات کہی ہے کہ پاکستان میں ان دنوں جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس کے پیچھے خفیہ ہاتھ کارفرما ہے۔ یہ وہی عناصر ہیں جنہوں نے اسلامی ممالک میں انتشار پھیلایا اور وہ اب اسی کھیل کے ذریعے پاکستان کیخلاف سازشیں کرنے کے درپے ہو رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ اپوزیشن سے کرپشن کے علاوہ اور کسی بھی ایشوز پر بات کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن دوسری جانب اس حوالے سے کوئی سنجیدگی نہیں ہے۔ اپوزیشن کے پیش نظر ان کے مقدمات اور قومی احتساب بیورو (نیب) کا خاتمہ ہے۔ ان کی سیاست صرف اپنی ذات تک محدود ہے، انھیں عوام کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔

وزیراعظم نے عالمی وبا کے باوجود اپوزیشن کے جلسوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کا راستہ نہیں روکے گی، تاہم ایسا کرنے والوں کیخلاف مقدمات درج ہونگے۔