لاک ڈاؤن کیلئے دباؤ ڈالنے والی اپوزیشن اب خود جلسے کر رہی ہے: وزیراعظم

The opposition, which has been pushing for lockdown, is now holding its own meeting: PM
کیپشن: وزیراعظم عمران خان سیالکوٹ میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کر رہے ہیں۔

سیالکوٹ: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی وبا کی پہلی لہر کے دوران حکومت پر سخت لاک ڈاؤن کیلئے دباؤ ڈالنے والی اپوزیشن اب جلسے جلوس کر رہی ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں ’ایئر سیال‘ کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس موقع پر ان کیساتھ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وفاقی وزیر برائے صنعت وپیداوار حماد اظہر اور معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان بھی موجود تھیں۔

ایئر سیال کے افتتاح کے بعد سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی سے اپنے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں ایئر سیال بنانے پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ سیالکوٹ ملکی ایکسپورٹ کا ملکی حب بننے جا رہا ہے۔ ایئر سیال سے قومی ائیرلائن پی آئی اے کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے دباؤ بڑھے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن مجھ پر تنقید کرتی تھی کہ عالمی وبا کے خطرات کے پیش نظر لاک ڈاؤن کیوں نہیں کیا جا رہا، وہی اپوزیشن اب جلسے جلوس کرتی پھر رہی ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر احتیاط نہ برتی گئی تو سردیوں میں مشکل صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ وائرس کو روکنے کا سب سے آسان طریقہ ماسک کا استعمال ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں وبائی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے۔ اگر ہم احتیاط کرینگے تو ملکی صنعت اور کاروبار کو بچا سکتے ہیں۔ بزنس کمیونٹی کو مراعات دینا اور ان کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ وہ ملک ترقی نہیں کر سکتا جہاں چھوٹا سا طبقہ امیر اور باقی سب غریب رہ جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے پاس زرمبادلہ کے ذخائر نہیں ہیں۔ ملک کی دولت بڑھنے تک لوگوں کو غربت سے نہیں نکال سکتے۔ ملک کی برآمدات بڑھانے کیلئے سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کی مدد کرینگے۔ چین صنعتی ترقی اور برآمدات بڑھا کر دنیا میں سب سے زیادہ ترقی کر رہا ہے۔ ہمارے جو لوگ ترقی میں پیچھے رہ گئے، انھیں آگے بڑھانا ہے۔