14 سال بعد جنوبی افریقہ کا دورہ پاکستان کنفرم ہو گیا

14 سال بعد جنوبی افریقہ کا دورہ پاکستان کنفرم ہو گیا
کیپشن: 14 سال بعد جنوبی افریقہ کا دورہ پاکستان کنفرم ہو گیا

لاہور: جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم 14 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی. جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم آئندہ سال جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ مہمان ٹیم کا یہ 14 سال بعد پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔

دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ میچز اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں آمنے سامنے آئیں گی۔ دوطرفہ سیریز میں شامل 2  ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کراچی اور راولپنڈی کے سپرد کر دی گئی۔ سیریز میں شامل دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کا حصہ ہوں گے۔ مہمان ٹیم سیریز میں شرکت کی غرض سے 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 جنوری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ چار فروری سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں کھیلا جائیگا۔ سیریز کے تینوں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز 11, 13 اور 14 فروری کو ہوں گے۔

دورے میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچنے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی قرنطینہ کی مدت کراچی میں مکمل کرے گی۔ جس کے بعد انہیں ٹریننگ سیشنز اور انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچوں میں شرکت کی اجازت ہوگی۔ سال 2007 کے بعد یہ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔

دونوں ٹیموں نے  2010 اور 2013 میں پاکستان کی ہوم سیریز نیوٹرل وینیو یعنی متحدہ عرب امارات میں کھیلیں تھیں۔ سال 1995 کے بعد سے لے کر اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان کُل 11 ٹیسٹ سیریز کھیلی جا چکی ہیں۔