گلوکار راحت فتح علی خان 46 برس کے ہوگئے

گلوکار راحت فتح علی خان 46 برس کے ہوگئے
سورس: File photo

لاہور،معروف گلوکار راحت فتح علی خان 46 برس کے ہوگئے ۔ سوشل میڈیا پر راحت فتح علی خان کو دنیا بھر سے سالگرہ کی مبارکباد کے پیغامات موصول ہورہے ہیں ۔ 

استاد نصرت فتح علی خان کے جانشین راحت فتح علی خان 9 دسمبر 1974 کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے ۔ ان کو والد فرخ فتح علی خان  اور نصرت فتح علی خان کے ساتھ بچپن سے ہی  قوالی کی تربیت حاصل کرنے کا موقع ملا ۔ 

راحت فتح علی خان اب تک لاتعداد قوالیاں گیت اورغزلیں گا چکے ہیں ۔ راحت فتح علی خان کی آواز میں گائے گیت اور غزلیں عوام میں بے حد مقبول ہیں ۔ پاکستان بھر میں ان کی شہرت  کے بعد ہمسایہ ملک بھارت نے بھی ان کی آواز سے فائدہ اٹھایا ۔

بھارتی  فلم پاپ میں ان کی آواز میں گایا گیت " من کی لگن " نے بے پناہ شہرت حاصل کی جس کے بعد راحت فتح علی خان کو بالی وڈ میں کئی فلموں میں گیت گانے کا موقع ملا ۔ 

راحت فتح علی خان اب تک قوالی گیت اور غزلوں کے ساتھ کئی ڈراموں کے ٹائٹل سونگ بھی گا چکے ہیں ۔حال ہی میں  ان کی آواز میں ٹی وی سیریل میرے پاس تم ہو کا ٹائٹل گیت عوام میں بے حد مقبول ہوا تھا ۔ 

  راحت فتح علی خان کو 2019 میں آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے موسیقی کے شعبے میں اعزازی طورپر  پی ایچ ڈی کی ڈگری سے نوازا گیا،