لاہور قلندرز کے چوتھے کرکٹر کا میلبورن سٹارز کیساتھ معاہدہ ہو گیا، یہ کون سا کھلاڑی ہے؟

لاہور قلندرز کے چوتھے کرکٹر کا میلبورن سٹارز کیساتھ معاہدہ ہو گیا، یہ کون سا کھلاڑی ہے؟
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے ایک اور کرکٹر فاسٹ باؤلر احمد دانیال کا بگ بیش لیگ ( بی بی ایل) میں میلبورن سٹارز کیساتھ معاہدہ ہوگیا ہے۔
24 سالہ احمد دانیال لاہور قلندرز پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام کے ذریعے سامنے آئے اور میلبورن سٹارز کی انتظامیہ نے ان کیساتھ ہونے والے معاہدے سے متعلق اعلان بھی کر دیا ہے۔ میلبورن سٹارز کا کہنا ہے کہ احمد دانیال آسٹریلیا پہنچ چکے ہیں جو 72 گھنٹوں کا قرنطینہ مکمل کرکے ٹیم جوائن کریں گے۔
میلبورن سٹارز کے کوچ ڈیوڈ ہسی کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کے سید فریدون ڈبیو کر چکے ہیں اور اس سیزن میں اب حارث رؤف بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ قبل ازیں حارث رؤف، دلبر حسین اور سید فریدون کا بھی میلبورن سٹارز کے ساتھ معاہدہ ہو چکا ہے۔ 
واضح رہے کہ احمد دانیال رواں سال ابوظہبی میں کھیلی گئی ٹی 10 لیگ کے دوران ابھر کر سامنے آئے تھے اور پھر انہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بھی اپنی کارکردگی کے جوہر دکھائے اور اب وہ بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں میلبورن سٹارز کی نمائندگی کریں گے۔