پاکستان سپرلیگ ، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان میچ آج کھیلا جائے گا

پاکستان سپرلیگ ، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان میچ آج کھیلا جائے گا

دبئی: پاکستان سپرلیگ کے دوسرے سیزن میں افتتاحی میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان آج(جمعرات کو) کھیلا جائیگا۔افتتاحی میچ دوبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق رات 7بجے شروع ہوگا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت مصباح الحق جبکہ پشاور زلمی ٹیم کے کپتانی کے فرائض ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی سرانجام دے رہے ہیں۔

گذشتہ سال کھیلے گئے فائنل میں مصباح الحق کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔دوسری پاکستان سپر لیگ میں بھی گذشتہ سال کی طرح پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور لاہور قلندر شامل ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت مصباح الحق کررہے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سرفراز احمد کی قیادت میں میدان میں اترے گی البتہ دیگر تین ٹیموں کی قیادت میں تبدیلی عمل میں آئی ہے۔پشاور زلمی کی قیادت شاہد آفریدی کی جگہ ڈیرن سیمی سنبھالیں گے۔ لاہور قلندر نے اظہر علی کی جگہ برینڈن مک کلم کو کپتان مقرر کیا ہے جبکہ کراچی کنگز کے کپتان شعیب ملک کی جگہ کمار سنگاکارا ہوں گے۔

پاکستان سپر لیگ کی تین فرنچائزز کو 13 غیرملکی کرکٹرز کی جانب سے مقابلے سے دستبرداری اختیار کرنے کے بعد اپنے سکواڈز میں ردوبدل کرنا پڑا ہے۔پشاور زلمی نے الیکس ہیلز، محمد شہزاد اور شکیب الحسن کی جگہ مارلن سیمیولز، آندرے فلیچر اور تلکارتنے دلشان کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔لاہور قلندر نے ڈواین براوو، شان ٹیٹ اور اینٹن ڈیوکچ کی جگہ جیسن روئے، کرس گرین اور جیمز فرینکلن کو ٹیم میں جگہ دی ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کارلوس بریتھ ویٹ، ڈیوڈ ولی، روومین پاول اور محمد نبی کی جگہ نیتھن مک کلم، تشارا پریرا اور رلی روسو سے معاہدے کیے ہیں۔کوئٹہ نے معین علی کو اپنے سکواڈ میں شامل کیا تھا لیکن وہ عمرے کی ادائیگی کی وجہ سے سپر لیگ میں شرکت سے معذرت کرچکے ہیں۔ان کے بعد بریڈ ہوج کو ٹیم میں شامل کیا گیا لیکن ان کی جانب سے بھی معذرت کے بعد محمود اللہ کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے آندرے رسل پر ڈوپنگ کے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی پر ایک سالہ پابندی عائد ہونے کے بعد سٹیون فن کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔پاکستان سپر لیگ میں مجموعی طور پر 24 میچز کھیلے جائیں گے۔ دبئی 13 اور شارجہ 10 میچوں کی میزبانی کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بار فائنل لاہور میں کرانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن ( فیکا)نے بین الاقوامی کرکٹرز کو متنبہ کیا تھا کہ وہ فائنل کے لیے لاہور جانے سے گریز کریں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ یقین دلایا ہے کہ تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں۔

مصنف کے بارے میں