پاکستان سپر لیگ کا رنگا رنگ تقریب کے ساتھ آغاز

پاکستان سپر لیگ کا رنگا رنگ تقریب کے ساتھ آغاز

پاکستان سپر لیگ کا رنگا رنگ تقریب کے ساتھ آغاز

ابوظہبی : پاکستان سپر لیگ کا ابوظہبی میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ آغاز ہوگیا۔ شہریار خان اور نجم سیٹھی نے فائنل میچ لاہور میں کرانے کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے والے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ 2017ء کا متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں رنگا رنگ تقریب کے ساتھ آغاز ہوگیا، افتتاحی تقریب میں وزارت ثقافت کے سربراہ شیخ نہیان بن مبارک النہیان، پی سی بی چیئرمین شہریار خان، پی سی ایل سربراہ نجم سیٹھی سمیت اہم شخصیات اور بڑی تعداد میں تماشائیوں نے شرکت کی۔

رنگ و نور سے سجی افتتاحی تقریب میں تمام ٹیموں کا شاندار استقبال کیا گیا، اس موقع پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم سبز رنگ کا قمیض شلوار اور سیاہ ویسٹ کوٹ پہن کر گراؤنڈ میں اتری، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ کی ٹیمیں اپنے اپنے یونیفارم میں ملبوس تھیں۔

 

پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں چاروں صوبوں کے علاقائی نغمے پر ڈانسرز نے شاندار پرفارمنس پیش کی جبکہ شہید جنید جمشید کے مشہور قومی نغمے دل دل پاکستان پر شرکاء جھوم جھوم اٹھے، اسٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ بھی دل دل پاکستان ساتھ ساتھ گاتے رہے۔چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوگا، رنگا رنگ اختتامی تقریب کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے پاکستان میں کھل جائیں گے۔

پی ایس ایل سربراہ نجم سیٹی نے رنگا رنگ تقریب اور تماشائیوں کی شرکت پر سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل جائیں گے، دنیا کرکٹ کیلئے ہمارا جذبہ دیکھ رہی ہے۔