سرفراز احمد جب تک فٹ ہیں وہی کپتان رہیں گے : معین خان

سرفراز احمد جب تک فٹ ہیں وہی کپتان رہیں گے : معین خان


کراچی:کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کوچ معین خان نے ایک بار پھر اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ سرفراز احمد جب تک فٹ رہیں گے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رہیں گے۔


اپنے ایک انٹرویو میں معین خان نے کہا کہ میں اپنے موقف کا اعادہ کرتا ہوں کہ بورڈ سرفراز احمد کو مستقل طور پر اگلے عالمی کپ تک پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سونپ دے، یہ اقدام پاکستان کرکٹ کے لیے نہ صرف سود مند رہے گا بلکہ اس عمل سے سرفراز احمد کے ساتھ ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا اور اس کے بہترین اثرات و نتائج سامنے آئیں گے۔ سرفراز احمد کی صلاحیتوں سے انکار ممکن نہیں، وقت گزرنے کے ساتھ ان کی اہلیت میں بتدریج اضافہ ہوتا چلا جائے گا جس سے پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھی استحکام ملے گا۔


ایک سوال کے جواب میں معین خان نے کہا کہ اس بار پی ایس ایل میں شرکت کرنے والی ہماری کوئٹہ گلیڈی ایٹر ٹیم بہت اچھی ہے، ماضی کے مقابلے میں اب ہمارے پاس زیادہ بہتر کمبی نیشن موجود ہے، امید ہے اس بار بھی ٹیم عمدہ کھیل پیش کرے گی، شائقین کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم جیت کے لیے کھیلیں گے۔ پچھلے سیزن میں بھی ہماری ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل تھی، بدقسمتی سے وقت کی ضرورت کے تحت ہمیں بعض کھلاڑیوں کو تبدیل کرنا پڑا، غیر ملکی کھلاڑیوں میں سے شین واٹسن، راشد اورروسو جیسے کھلاڑیوں کی موجودگی ہمارے پول کو مزید مضبوط کرے گی۔