نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد

نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد
کیپشن: گزشتہ سال اکتوبر میں الگ، الگ درخواستیں وزارت داخلہ میں جمع کرائی گئی تھیں۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی استدعا مسترد کر دی.نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے گزشتہ سال اکتوبر میں الگ، الگ درخواستیں وزارت داخلہ میں جمع کرائی گئی تھیں۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ ایگزٹ رولز 2010 کے رول 2 میں بیان کردہ وجوہات ہم پر لاگو نہیں ہوتیں کسی معاشی جرم، دہشتگردی یا اس کی سازش جیسے جرم میں ملوث نہیں ہیں لہٰذا نام ای سی ایل سے نکالے جائیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے تینوں شخصیات کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست مسترد کر دی۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے گزشتہ برس 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10 سال، مریم نواز کو 7 سال اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔

اسی عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں بھی نواز شریف کو 7 سال قید کی سزا سنائی جس کے بعد سابق وزیراعظم لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں جب کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے تینوں کی سزا معطل کر کے ضمانت پر رہائی دی تھی۔

 20 اگست 2018 کو وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا تھا جس میں نواز شریف اور ان کے خاندان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔