چوروں کو این آر او دینا اس ملک سے غداری ہو گا، وزیراعظم عمران خان

چوروں کو این آر او دینا اس ملک سے غداری ہو گا، وزیراعظم عمران خان
کیپشن: ماحولیاتی تبدیلی سے مقابلے کیلئے درخت لگانا ضروری ہے، وزیراعظم۔۔۔۔۔۔فوٹو/ تحریک انصاف آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ

ہیڈ بلوکی: شجرکاری مہم کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا این آر او دینا اس ملک سے غداری ہو گا اور 2 این آر اوز نے پاکستان کو تاریخی نقصان پہنچایا جبکہ این آر او کا مطلب مجرموں کو معاف کر دینا ہے۔ ایک این آر او جنرل مشرف نے نواز شریف کو دیا، نواز شریف کو این آر او دے کر کیس روکا اور بیرون ملک جانے دیا جبکہ این آر او دینے سے یہ تاثر پیدا ہوا طاقتور چور کو پاکستان میں نہیں پکڑا جاتا۔

انہوں نے کہا اتنے اتنے تاریخی خسارے چھوڑیں گے تو قیمت عوام ادا کریگی اور وہ کس منہ سے کہتے ہیں 5 ماہ میں پی ٹی آئی نے ٹھیک نہیں کیا۔ اب کسی کرپٹ آدمی کو رعایت نہیں دی جائے گی اور 6 ہزار سے 30 ہزار ارب روپے قرض کر دیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں جنگلات بہت کم ہیں اور میانوالی کا جنگل ختم کر دیا گیا جبکہ قبضے ختم کرا کر زمینوں پر جنگلات اگائیں گے۔

انہوں نے کہا ماحولیاتی تبدیلی سے مقابلے کیلئے درخت لگانا ضروری ہے اور درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشیئر پگھلنا شروع ہو گئے ہیں جبکہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پنجاب کے جنگلات کو تباہ ہوتے دیکھا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک میں 8 ویں نمبر پر ہے اور دنیا میں سب سے زیادہ آلودگی لاہور اور نئی دلی میں ہے۔ 10 ارب درخت آئندہ 5 سال میں لگائیں گے اور خیبرپختونخوا میں ایک ارب 18 کروڑ درخت لگائے جبکہ ماضی میں حکمرانوں نے قبضہ گروپوں سے ملکر زمینیں ہتھیائیں۔