'کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا، گرفتار دہشتگردوں کا ہدف سندھ اسمبلی تھا'  

The Sindh Assembly was the target of terrorists arrested from Karachi
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: گزشتہ روز شہر قائد سے گرفتار 5 دہشتگردوں کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ سندھ اسمبلی کی بلڈنگ کو اڑانا چاہتے تھے، سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرکے ان کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنا دیا۔

اس بات کا انکشاف سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جن دہشتگردوں کو کامیاب آپریشن کے بعد کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا، وہ سندھ اسمبلی کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

صوبائی وزیر نے انکشاف کیا کہ دہشتگردوں کا پلان تھا کہ رکشے میں موجود بارودی مواد سے سندھ اسمبلی کے گیٹ پر خود کش دھماکا کیا جائے تاہم اس روز اسمبلی کا اجلاس نہیں تھا، اس لئے دہشتگردوں کی جانب سے حملہ نہیں کیا جا سکا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام معلومات دہشتگردوں سے حاصل موبائل سے ملی ہیں جس میں سندھ اسمبلی کی ویڈیوز موجود تھیں۔

سید ناصر شاہ نے کہا کہ گرفتار دہشتگردوں کو افغانستان کے صوبہ قندھار ہدایات مل رہی تھیں۔ گرفتار ہونے والے چار دہشتگردوں تعلق قندھار اور ننگرہار سے بتایا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا تھا لیکن فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک ہو گیا تھا۔

دہشتگردوں کے قبضے سے بارودی مواد سے بھرا رکشہ، اسلحہ اور خود کش جیکٹس بھی برآمد کی گئی تھیں۔ سیکیورٹی ادارے دہشتگردوں سے مزید تفتیش کر رہے ہیں۔