عمران خان کا ایک دوست نااہل ہونے والا ہے، لیگی رہنما احسن اقبال کا دعویٰ

A friend of Imran Khan is about to be disqualified, claims PML-N leader Ahsan Iqbal
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے پیاروں کو سینیٹ میں لانا چاہتے ہیں، تاہم ان کا ایک دیرینہ دوست نااہل ہونے والا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت لوگوں کو دھوکا دے رہی ہے۔ جھوٹ اور بہتان کی وجہ سےحکومت نہیں چل رہی۔ عمران خان کی جماعت میں بغاوت ہے۔ ان کو خطرہ ہے کہ ان کی اپنی جماعت انہیں ووٹ نہیں دینا چاہتی۔

احسن اقبال نے الزام عائد کیا کہ حکومت سینیٹ میں شفافیت کے نام پر دھوکا دے رہی ہے۔ سینیٹ اوپن الیکشن کیخلاف ہم سپریم کورٹ جائیں گے۔ حکومت پاکستان میں آئینی انتشار پھیلا رہی ہے۔ میٹھا میٹھا ہپ ہپ، کڑوا کڑوا تھوتھو کا نظام نہیں چل سکتا۔

انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے عوام سے جو وعدے بھی کئے ان کو پورا کیا لیکن عمران خان نے گزشتہ روز علمائے کرام کے سامنے جھوٹے الزام لگائے۔ ایک طرف جھوٹی قیادت جبکہ دوسری طرف سچی قیادت ہے۔ وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا لیکن آج روزگار والے لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اپنے مفادات کے تحت اپنی پالیسیاں بدل لیتے ہیں۔ وعدہ کیا گیا تھا کہ آٹا اور چینی سستی ہوگی لیکن آج پاکستان میں ہر جگہ مہنگائی ہے۔