پی ڈی ایم کو اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل نہیں ہے، شاہد خاقان عباسی

PDM does not have the support of Establishment: Shahid Khaqan Abbasi
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کیخلاف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی تحریک جاری ہے، یہ پہلی تحریک جسے سٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل نہیں ہے۔

کراچی آمد پر میڈٰیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک پر ایسی حکومت مسلط ہے جو عوام اور ملک کے مسائل کو نہیں سمجھتی۔ آج اسلام آباد میں عدالتیں بند، وکلا سڑکوں پر ہیں لیکن حکومت سے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ وکلا کو متبادل جگہ دیئے بغیر دفاتر گرانا شروع کر دیئے گئے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر جمہوری جماعت ملک آئینی طور پر چلانا چاہتی ہے لیکن حکومت کی کوشش ہے آرڈیننس سے آئین تبدیل کیا جائے۔ یہ آئین تبدیل کرکے غیر ملکیوں کو الیکشن کی اجازت دینا چاہتے ہیں۔ اپنے امیدواروں کو بچانے کیلئے آرڈیننس لایا جا رہا ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک کی پہلی تحریک ہے جسے سٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل نہیں، اس تحریک کو ہر پاکستانی سمجھتا ہے کیونکہ حکومت ان کے مسائل سے ناآشنا ہے۔

پیپلز پارٹی بارے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے آپس میں اختلافات رہے، چارٹرڈ آف ڈیمو کریسی بھی ہوا۔ ہمیں الیکشن آپس میں لڑنا ہے ، پہلے بھی لڑے، آئندہ بھی لڑیں گے۔ ہر جمہوری جماعت ملک آئینی طور پر چلانا چاہتی ہے۔ دونوں جماعتوں کا شو آف ہینڈ کیخلاف اصولی مؤقف ہے۔ ہم سب متفق ہیں ملک کو آئین کے مطابق چلنا چاہیے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی صحت بارے بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف بیرون ملک علاج کیلئے گئے ہیں، ان کا علاج جب مکمل ہو جائے گا، وہ وطن واپس آ جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مریم نواز شریف نے حیدر آباد جلسے کیلئے آنا تھا لیکن بیٹی کے حادثے کی وجہ سے نہیں آ سکیں۔