حکومت سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خرید و فروخت کا گھناؤنا کھیل ختم کرنا چاہتی ہے، اسد عمر

حکومت سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خرید و فروخت کا گھناؤنا کھیل ختم کرنا چاہتی ہے، اسد عمر
کیپشن: حکومت سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خرید و فروخت کا گھناؤنا کھیل ختم کرنا چاہتی ہے، اسد عمر
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خرید و فروخت کا گھناؤنا کھیل ختم کرنا چاہتے ہیں۔ شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں جمہوریت ، جرم اور سیاست میں آپس میں جڑ جاتے ہیں اور ایوان کی چھت پر خدا کے نام لکھے ہیں اور نیچے ضمیر بیچے جاتے ہیں۔

سینیٹ الیکشن شفاف ہونے سے سیاست دانوں کی دیہاڑی چھن رہی ہے جبکہ چھانگا مانگا سے شروع ہونے والی منڈی لگنے کا سلسلہ آج تک جاری ہے اور اب بھی سینیٹ الیکشن کیلئے ریٹ لگنا شروع ہو گئے ہیں لیکن تحریک انصاف چاہتی ہے کہ یہ خرید و فروخت کا گھناؤنا کھیل ختم ہو۔

ؤاسد عمر نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے کچھ ارکان نے پیسہ لے کر گزشتہ سینیٹ الیکشن میں ووٹ دیئے جس کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں نوٹ گنتے دیکھا گیا۔ منتخب نمائندے اگر باعزت ہونگے تو ان کے بنائے قوانین کی بھی عزت ہو گی اور جو نمائندے ساری کمائی لوٹا کر سینیٹ پہنچتے ہیں وہ بعد میں اسی سیٹ سے کماتے ہیں۔

انہوں نے کہا حکومت نے فیصلہ کیا کہ آئین کے دائرے میں الیکشن میں ضمیر بیچنے کو ختم کیا جائے اور سینیٹ کے الیکشن میں پیسا کمانے کے عمل کو بل کے ذریعے ختم کیا جائے گا۔ حکومت نے فیصلہ کیا کہ آرڈیننس لایا جائے اور انہیں وجوہات کے سبب ہم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا اور سپریم کورٹ حقیقت کو دیکھتے ہوئے جو بھی فیصلہ کرے گی ہمیں قبول ہو گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ سندھ حکومت چھ سالہ پرانی گندم سندھ کے عوام کو دے رہی ہے اور سندھ حکومت نے گندم بروقت ریلیز نہ کر کے پاکستان میں گندم سپلائی میں تعطل پیدا کیا اور عوام کو منہگا آٹا خریدنے پر مجبور کیا گیا۔ 

انہوں نے بتایا کہ کابینہ کمیٹی نے وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں 40فیصد اضافے کی منظوری دیدی ہے اور گریڈ ایک تا 16 تک کے 3 لاکھ 70 ہزار ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ہو گا جبکہ صوبوں کو ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق خود فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔